امریکی شہری نے ایک ہی نمبر کے تین ٹکٹوں سے بڑا انعام جیت لیا
فوٹو: فائل
امریکا میں ایک شخص نے اپنی ملازمت کے شناختی نمبر کے ہندسے استعمال کرتے ہوئے ایک ہی قرعہ اندازی میں تین ایک جیسے ٹکٹ خریدے اور ڈیڑھ لاکھ ڈالر جیت لیے۔
ریاست میری لینڈ کے علاقے لا پلاٹا کے رہائشی اس شخص نے میری لینڈ لاٹری کے حکام کو بتایا کہ اس نے وفاقی حکومت میں اپنی ملازمت کے ایمپلائی آئی ڈی نمبر کو استعمال کرتے ہوئے تین ایک ڈالر والے ٹکٹیں خریدی تھیں۔
اس کے مطابق 5 جون کی قرعہ اندازی سے پہلے ہی وہ سو گیا تھا۔ اگلی صبح جب اس نے نتائج چیک کیے تو اس کی خوشی کی انتہا نہ رہی، کیونکہ اس کے ہر ٹکٹ پر 50 ہزار ڈالر کا انعام نکلا تھا۔ یوں اس کی مجموعی جیت ڈیڑھ لاکھ ڈالر بن گئی۔
خوش قسمت فاتح نے بتایا کہ اس نے ابھی تک اپنی جیت کی خبر گھر والوں سے خفیہ رکھی ہوئی ہے اور وہ اپنے بچوں کو یہ خوشخبری ایک سرپرائز کے طور پر دینا چاہتا ہے۔
اس کا کہنا ہے کہ جیتی ہوئی رقم کا کچھ حصہ وہ خاندان کے افراد کے ساتھ شیئر کرے گا، کچھ بلوں اور مالی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں خرچ ہوگا، جبکہ ممکن ہے کہ وہ اس رقم سے کہیں سیر و سیاحت کا بھی منصوبہ بنائے۔