ایران جیت گیا، اسرائیل۔امریکا اتحاد ناکام ہوگیا، حافظ نعیم الرحمان

خطے میں نئے سفارتی اور دفاعی امکانات پیدا ہوئے ہیں، امیر جماعت اسلامی

فوٹو : فائل

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے ایران کی کامیابی اور اسرائیل۔امریکا اتحاد کی ناکامی قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایران کی مزاحمت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ سامراجی قوتیں صرف اسی وقت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی ہیں جب ان کے سامنے مزاحمت نہ ہو تاہم استقامت اور ثابت قدمی کے ساتھ کی جانے والی مزاحمت بالآخر کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ پیش رفت کے بعد خطے میں نئے سفارتی اور دفاعی امکانات پیدا ہوئے ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک۔سعودیہ دفاعی معاہدے کو مزید وسعت دی جانی چاہیے اور اس میں ایران اور ترکیہ کو بھی شامل کیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں مشترکہ سلامتی اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومتِ پاکستان پر زور دیا کہ پاک۔ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر فوری طور پر عملی کام شروع کیا جائے اور اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

انہوں نے ایران کے ساتھ آزادانہ تجارت کے آغاز کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے سے خطے کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے اس پیش رفت کو مسلم دنیا کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال میں پاکستان کو اپنے قومی اور معاشی مفادات کے مطابق مؤثر فیصلے کرنے چاہییں۔

Load Next Story