حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کردیا، نوٹی فکیشن جاری
عام تعطیل فوٹو : فائل
خیبرپختونخوا حکومت نے یکم محرم الحرام کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ ایڈمنسٹریشن کے مطابق یکم محرم الحرام کی تعطیل مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ہوگی۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت صوبے میں سرکاری دفاتر اور دیگر متعلقہ ادارے عام تعطیل کے تحت بند رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یکم محرم الحرام کے سلسلے میں تعطیل مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے نئے اسلامی سال کے آغاز سے متعلق کیے گئے اعلان کے مطابق ہوگی۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
واضح رہے کہ محرم الحرام 1448ھ کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج لاہور میں منعقد ہوگا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
عالمگیری بادشاہی مسجد میں ہونے والے اس اجلاس میں وزارت مذہبی امور، صوبائی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان اور مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علما شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ سپارکو اور محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی چاند کی صورتحال سے متعلق تکنیکی بریفنگ دیں گے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق چاند کی عمر پوری نہ ہونے کے باعث آج چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں اور یکم محرم الحرام 1448ھ کا آغاز 17 جون بروز بدھ ہونے کا امکان ہے۔