22 سالہ بھارتی اداکارہ نے خودکشی کرلی، شوبز انڈسٹری سوگوار
بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی نوجوان اداکارہ سنچیتا اوگلے کے انتقال کی خبر نے مداحوں اور شوبز حلقوں کو غمزدہ کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 22 سالہ اداکارہ اپنے آبائی گاؤں میں واقع گھر میں مردہ پائی گئیں، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ خودکشی کا بتایا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ گزشتہ شام پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ سنچیتا اوگلے اپنے کمرے میں موجود تھیں اور انہوں نے مبینہ طور پر اندر سے دروازہ بند کر رکھا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اداکارہ نے ساڑھی کی مدد سے پنکھے سے لٹک کر اپنی جان لی۔ اہلِ خانہ اور مقامی افراد نے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا۔ اداکارہ کے والد کی درخواست پر پولیس نے پراسرار موت کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال واقعے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی اور تفتیشی ٹیم تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ اصل حقائق تک پہنچا جا سکے۔
سنچیتا اوگلے بھارتی ٹیلی ویژن کی ابھرتی ہوئی اداکاراؤں میں شمار کی جاتی تھیں۔ انہوں نے مقبول ڈراموں ’’کم کم بھاگیہ‘‘ اور ’’واگلے کی دنیا‘‘ سمیت متعدد منصوبوں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس کے علاوہ وہ ’چھاوا‘ اور ’سائلنس 2: دی نائٹ اول بار شاؤٹ آؤٹ‘ جیسی فلموں میں بھی نظر آ چکی تھیں۔
ان کی اچانک موت کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ شوبز حلقے اس افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں۔