کراچی، شہر میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 4 افراد زخمی
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
لیاقت آباد کے علاقے تین ہٹی پھول مارکیٹ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 35 سالہ وقار زخمی ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا تاہم مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
دوسرا واقعہ کیماڑی کے علاقے مسان چوک بابا سینٹر کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کی شناخت 30 سالہ نعمان خان اور 30 سالہ عاشق علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر یہ واقعہ ذاتی دشمنی یا رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
ادھر نیو کراچی سیکٹر 11-F میں مکان نمبر 5218 کے قریب پراسرار فائرنگ کے واقعے میں محمد فاروق نامی شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق اسے نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگی۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔