این ڈی ایم اے کا 20 جون تک موسمی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری، گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 16 سے 20 جون کے دوران متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں کو متاثر کرے گا، جس کے باعث تیز ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں، جن میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، گوجرخان، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں، میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے متعدد اضلاع میں بھی بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 16 سے 19 جون کے دوران خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز اور برفانی جھیلوں کے بند ٹوٹنے سے پہاڑی ندی نالوں میں شدید پانی کے بہاؤ اور گلیشیائی جھیلوں کے سیلاب (گلاف) کا خطرہ موجود ہے، حسن آباد، شسپر، گلکن، گلمیت، پاسو، نگر، غزر، سکردو اور شگر کو زیادہ حساس علاقے قرار دیا گیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق شدید بارشوں، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
محکمہ موسمیات نے کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو سے چار گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، ایبٹ آباد، بھمبر، کوٹلی، باغ، چکوال، جہلم، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین اور گردونواح میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ساہیوال، بورے والا، عارف والا، پاکپتن، وہاڑی، خانیوال اور بہاولنگر میں بھی آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
متعلقہ علاقوں میں شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، موسم سے متعلق تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔