دو ماہ بعد ایران کی بڑی کامیابی، 48 لاکھ بیرل خام تیل لے کر ٹینکر امریکی ناکہ بندی سے نکل گئے
ایرانی خام تیل کی برآمدات کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تیل کی ترسیل پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی ویب سائٹ ٹینکر ٹریکرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی تیل بردار جہاز امریکی بحری ناکہ بندی کے علاقے سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹینکر ٹریکرز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ایران کی پہلی بڑی خام تیل برآمدات ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق نیشنل ایرانیئن ٹینکر کمپنی کے دو بڑے وی ایل سی سی سپر ٹینکرز، ڈیونا اور ہیرو 2 امریکی بحری گھیرا عبور کر کے خلیجی پانیوں سے نکل چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں جہاز مجموعی طور پر تقریباً 38 لاکھ بیرل ایرانی خام تیل لے کر روانہ ہوئے ہیں۔ ٹینکر ٹریکرز کا کہنا ہے کہ یہ معلومات ڈیجیٹل شپنگ ٹریکنگ ڈیٹا اور سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے حاصل کی گئی ہیں۔
بعد ازاں ویب سائٹ نے ایک اور اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ نیشنل ایرانیئن ٹینکر کمپنی کا ایک تیسرا جہاز بھی امریکی ناکہ بندی کی لائن سے گزر چکا ہے، جس میں تقریباً 10 لاکھ بیرل خام تیل موجود ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو ایران کے لیے یہ ایک اہم معاشی پیش رفت ہو سکتی ہے، کیونکہ حالیہ مہینوں میں آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے میں کشیدگی کے باعث ایرانی تیل کی برآمدات شدید متاثر ہوئی تھیں۔
BREAKING: CRUDE OIL DEPARTS IRAN FOLLOWING A TWO MONTH LONG NAVY BLOCKADE
— TankerTrackers.com, Inc. (@TankerTrackers) June 16, 2026
According to AIS data which we corroborated yesterday (2026-06-15) by satellite imagery, at least two National Iranian Tanker Company (NITC) VLCC supertankers named DIONA (9569695) and HERO2 (9362073) have… pic.twitter.com/tSesQTcC6K
دوسری جانب امریکی اور ایرانی حکام کی جانب سے اس مخصوص رپورٹ پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم عالمی توانائی منڈیوں میں اس خبر کو خاص اہمیت دی جا رہا ہے کیونکہ ایران کی برآمدات میں اضافہ عالمی تیل کی قیمتوں پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔