پاکستان میں خدمات پر جرمن سسٹر کو جرمنی کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ عطا
جرمن سسٹر کو سماجی خدمات کے اعتراف میں جرمنی کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ’آرڈر آف میرٹ‘ سے نواز دیا گیا۔ اعزاز انہیں راولپنڈی میں طویل عرصے سے جذام اور ٹی بی کے مریضوں کی دیکھ بھال اور انسانی خدمت کے اعتراف میں دیا گیا۔
جرمن سسٹر اینیٹ ڈیمیگن کو وفاقی جمہوریہ جرمنی کے صدر فرینک والٹر شٹائن مائر کی جانب سے ’کراس آف میرٹ آف دی آرڈر آف میرٹ‘ سے نوازا گیا، جو انہیں 29 اپریل 2026 کو دیا گیا تھا۔
اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب میں جرمن سفیر انّا لیپل نے یہ اعزاز سسٹر اینیٹ ڈیمیگن کو پیش کیا۔ اس موقع پر راولپنڈی میں قائم جرمن لیپروسی ہسپتال کے اسٹاف، ڈاکٹر زسمیت مختلف شعبائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔
جرمن سفیر انّا لیپل کا کہنا تھا موسمیاتی تبدیلی اور انرجی سمیت متعدد سیکٹرز میں پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات مضبوط سے مضبوط ہورہے ہیں سسٹر اینیٹ ڈیمیگن نے کہا کہ مجھے بہت فخر محسوس ہورہا ہے کہ خدمات کے اعتراف میں میڈل دیا گیا۔
راولپنڈی میں جرمن لیپروسی اسپتال پاکستان کے شمالی علاقوں میں جذام، ٹی بی اور دیگر پیچیدہ بیماریوں کے علاج کا ایک اہم مرکز ہے، جہاں سالانہ لاکھوں مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔
سسٹر اینیٹ ڈیمیگن کو ان کی طویل المدتی انسانی خدمات، انتظامی ذمہ داریوں اور مریضوں کی دیکھ بھال میں غیر معمولی کردار کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ انہیں پاکستان میں جرمنی کے ایک غیر رسمی مگر مؤثر ’سفیر‘ کے طور پر بھی سراہا جا رہا ہے۔