دبئی کے ایمریٹس فنانشل ٹاورز کی اوپری منزل پر آگ بھڑک اٹھی
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کی مصروف ترین شاہراہ شیخ زید روڈ پر واقع ایمریٹس فنانشنل ٹاورز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور آسمان کی طرف اٹھتے دھوئیں کے بادل دور دور تک دیکھے گئے۔
دبئی سول ڈیفنس کے مطابق آگ عمارت کی ایک ایسی منزل پر لگی جو مرمت اور دیکھ بھال کے کام کے لیے بند تھی۔
واقعہ آدھی رات کے بعد پیش آیا جس پر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ بروقت کارروائی کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا اور کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ بعد ازاں کولنگ آپریشن مکمل کیا گیا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کا خطرہ ختم کیا جا سکے۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد عمارت سے گھنا دھواں بلند ہوتا رہا جس سے قریبی علاقے میں صورتحال تشویشناک ہو گئی۔
واقعے کے فوری بعد پولیس کی متعدد گاڑیاں اور ایمرجنسی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ کی وجہ تعمیراتی یا مرمتی کام کے دوران پیش آنے والا حادثہ ہو سکتی ہے، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔