کراچی: پین نما اشیا پھٹنے سے نوجوان کے زخمی ہونے کے واقعے کا ڈراپ سین
کراچی میں ملیر ڈیری فارم کے قریب پین نما اشیا پھٹنے سے نوجوان کے زخمی ہونے کےواقعے کا ڈراپ سین ہوگیا، زخمی نوجوان کا ویڈیو بیان سامنے آگیا، زخمی نوجوان نے بتایا کہ ہاتھ میں پین بم نہیں بلکہ پٹاخہ بم پھٹا تھا، کزن کے کہنے سے اس نے غلط بیانی کی، بہن کی سالگرہ تھی جسے خوش کرنے کے لیے پٹاخہ بم خریدارتھا۔
زخمی نوجوان عبدالسیمع نے دوران تفتیش سچ سچ بتا دیا زخمی نوجوان نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ نجی اسٹور میں سلیز مین ہے زخمی نوجوان نے بتایا کہ 17 مئی کو بڑی بہن کی سالگرہ تھی اور رات ساڑھے 12 بجے نجی اسٹور سے ڈیوٹی ختم کرنے بعد گھرجاکر اپنے کزن کو اٹھایا بڑی بہن ملیرڈیری فارم کے قریب رہائش پذیر ہے۔
میں کزن کے ہمراہ کیک لینے گیا لیکن ہمیں کیک نہیں ملا کزن نے کہا پٹاخے خرید لیتے ہیں تھوڑی خوشی ہوجائے گی ہم ٹنکی مارکیٹ گئے اور دکاندار کو کہا وہ پٹاخہ دے دو جو آسمان میں جا کر پھٹا ہے لیکن دکاندار نے ہمیں غلط پٹاخہ دے دیا ہم نے جیسے ہی پٹاخہ چلایا پٹاخہ ہاتھ میں ہی پھٹ گیا۔
پٹاخہ بم بہن کے گھر کے باہر ہاتھ میں پھٹا ، پٹاخہ بم ہاتھ میں پھٹنے کے بعد کزن مجھے کھوکھرا پار نمبر2 میں واقع سندھ گورئمنٹ اسپتال لیکر پہنچا لیکن اسپتال کے عملے نے ہمیں ہاتھ تک نہیں لگایا اور کہا یہ ہمارا کیس نہیں ہے اورجناح اسپتال کا لیٹر بنا کر دے دیا۔
اس کے بعد ہم سول اسپتال پہنچے اورسول اسپتال میں فوری طبی امداد فراہم کی اورکہا کہ 2 دن کے بعد آپریشن ہو گا ورنہ پرائیوٹ آپریٹ کروالو، پھرمجھے گھر لایا گیا اور اس کے بعد پرائیوٹ اسپتال لے گئے۔
کزن سمیر نے کہا تھا کہ سب یہ بتانا کہ پین بم پھٹا ہے تاکہ کوئی زیادہ پریشانی نہ ہو، پولیس نے زخمی نوجوان کے ہاتھ میں پٹاخہ بم پھٹنے کی ویڈیو بھی حاصل کرلی۔