سندھ میں ڈاکوؤں نے میت لےجانےوالے خاندان کو بھی نہ چھوڑا، میرپورخاص میں سوگوار خاندان کو لوٹ لیا گیا

خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی نے سوگوار خاندان کو لوٹنے، یتیم بچی پر تشدد کی شدید مذمت کی

خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے میرپورخاص، سندھ میں بونیر کے ایک سوگوار خاندان کو لوٹنے اور یتیم بچی پر تشدد کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز، افسوسناک اور دلخراش قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے میت لے کر جانے والے خاندان کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پوری بونیر قوم کے لیے باعثِ صدمہ ہے اور میت کے ساتھ سفر کرنے والے لواحقین کو لوٹنا سفاکیت کی انتہا ہے۔

ریاض خان نے واقعے پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے رابطہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو فوری انصاف کی فراہمی اور ملوث عناصر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفرِ کردار تک پہنچائیں، جبکہ خیبر پختونخوا کے منتخب اراکین اسمبلی بھی اس واقعے کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں۔

صوبائی وزیر نے متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بونیر کے عوام ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور معصوم بچی پر تشدد کے ذمہ دار عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

Load Next Story