کورنگی میں بہادر شہری کی وجہ سے ڈکیتی ناکام، ڈکیت الٹے پاؤں چپل چھوڑ کر فرار
شہر قائد کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر میں شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا کر 6 ڈاکوؤں کو چپل چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی نمبر ڈھائی میں واقع پرچون کی دکان پر 6 ڈاکو دکاندار اور خاتون کے ساتھ ڈکیتی کی واردات کررہے تھے۔
اس دوران گھر کے اندر موجود شہری اپنا ذاتی اسلحہ نکال کر لایا اور مسلح ڈکیتوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ڈاکوبوکھلاہٹ کا شکار ہوئے اور اس دوران 5 ڈاکو پیدل گلیوں میں جبکہ ایک ڈاکو موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک ڈاکو اپنی چپل چھوڑ کر فرار ہوا۔
ایس ایچ او زمان ٹاؤن ایاز خان نے بتایا کہ پولیس نے ڈاکوؤں کی چھوڑی گئی 2 موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لی ہیں جو کہ انھوں نے علاقے سے ہی چھینی تھیں جبکہ پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت اہم شواہد حاصل کرتے ہوئے ڈاکوؤں کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ واردات میں ملوث ڈاکوؤں کا جلد سراغ لگا کر انھیں گرفتار کرلیا جائیگا۔