فیفا ورلڈ کپ: کیپ ورڈی کے کھلاڑی کی والدہ کی ویزا فیس معاف، بیٹے کا میچ دیکھنے امریکا جائیں گی

گول کیپر ووزنہا نے اسپین کے خلاف کیپ ورڈی کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا

امریکی محکمہ خارجہ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کیپ ورڈی کے کھلاڑی ووزنہا کی والدہ کی ویزا فیس معاف کر دی ہے جس کے بعد ان کے امریکا پہنچنے کے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

ووزنہا کی والدہ اینا کانڈیڈہ بھاری ویزا فیس کے باعث پہلے امریکا سفر نہیں کر سکی تھیں، تاہم اب وہ اپنے بیٹے کا اگلا ورلڈ کپ میچ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھ سکیں گی۔

امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما حکیمی جیفریز نے سوشل میڈیا پر اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے رابطہ کیا تھا اور درخواست کی تھی کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے گول کیپر کی والدہ کو امریکا آنے میں مدد فراہم کریں۔

کیپ ورڈی کا اگلا ورلڈ کپ میچ 22 جون کو یوراگوئے کے خلاف میامی میں کھیلا جائے گا جہاں اینا کانڈیڈہ اسٹیڈیم میں موجود ہو کر اپنے بیٹے کی حوصلہ افزائی کریں گی۔

ووزنہا کی والدہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے حد پرجوش ہیں کہ نہ صرف اپنے بیٹے سے ملاقات کریں گی بلکہ اسے ورلڈ کپ کے میدان میں کھیلتے ہوئے بھی دیکھ سکیں گی۔

واضح رہے کہ ووزنہا نے اسپین کے خلاف کیپ ورڈی کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے کئی خطرناک حملے ناکام بناتے ہوئے سات گول بچائے جس کے نتیجے میں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

ان کی غیرمعمولی گول کیپنگ نے انہیں ٹورنامنٹ کے نمایاں کھلاڑیوں میں شامل کر دیا ہے جبکہ اب ان کی والدہ کی امریکا آمد کی خبر بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

 

Load Next Story