کراچی میں سندھ رینجرز کی بڑی کارروائی، فتنۃ الخوارج کا مطلوب دہشتگرد گرفتار
سندھ رینجرز نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے شاہ لطیف ٹاؤن سے فتنۃ الخوارج کے مطلوب دہشتگرد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد کی شناخت جاوید علی خان عرف سواتی کے نام سے ہوئی ہے جو سی ٹی ڈی سوات کو انتہائی مطلوب تھا۔ دہشتگرد پر سوات میں حملوں، لوٹ مار، تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا سنگین الزام عائد ہے۔
کارروائیوں کے بعد دہشتگرد کراچی منتقل ہو کر اپنا نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔ گرفتار ملزم کو تفتیش اور مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی سوات کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔
ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ مذکورہ دہشتگرد 2007 میں فضل اللہ گروپ میں شامل ہوا تھا۔ 2022 میں بیرون ملک سے واپسی کے بعد اس کے دوبارہ سرگرم ہونے کا انکشاف ہوا۔ ملزم 7 جون 2026 کو شکردرہ سوات میں راکٹ حملے میں ملوث رہا جس میں 3 شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔