سرکاری ملازمین کیلیے پیٹرول اور گاڑیوں کی سہولت بحال، جمعہ کی چھٹی ختم

تجارتی مراکز اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے اوقات کی پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی بچت کی غرض سے نافذ کیے گئے کفایت شعاری کے سابقہ اقدامات کو ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت سرکاری سطح پر ایندھن کی بچت کے اقدامات واپس لے لیے گئے ہیں۔

تازہ حکم نامے کے مطابق اب سرکاری ملازمین کے لیے جمعہ کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے، جبکہ افسران کو پیٹرول کی مکمل سہولت اور 60 فیصد سرکاری گاڑیاں دوبارہ استعمال کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔

دوسری جانب تجارتی مراکز اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے اوقات کی پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔

اس حوالے سے نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کرنا ہوں گے، جبکہ شادی ہالز کو رات 10 بجے تک اپنی تقریبات سمیٹنا ہوں گی۔

ریسٹورنٹس اور کیفے بھی رات 11 بجے بند ہوں گے، البتہ ہوم ڈلیوری اور ٹیک اوے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

علاوہ ازیں فارمیسیز، اسپتال، لیبارٹریز، بیکریاں، دودھ کی دکانیں اور تندور اوقات کار کی پابندی سے آزاد ہوں گے۔ اسی طرح پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، الیکٹرک وہیکل چارجنگ پوائنٹس، جم، اسپورٹس کلبس، آئی ٹی کمپنیز اور کال سینٹرز بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

واضح رہے کہ 9 مارچ 2026 سے قبل نافذ دیگر کفایت شعاری اقدامات بدستور لاگو رہیں گے۔

Load Next Story