کراچی کے لیے اچھی خبر، آئندہ 3 روز کے موسم کی پیشگوئی جاری
اہل کراچی کے لیے خوشی کی خبر ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے لیے موسم کی پیش گوئی جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آئندہ 3 دنوں کے دوران موسم جزوی ابر آلود رہنے اور صبح و رات کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات نے کراچی کے لیے اگلے 3 دن کے موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ اس دوران سمندری ہوائیں فعال رہنے کی توقع ہے جب کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 تا 36 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
اسی طرح ساحلی علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں بوندا باندی کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغربی ہواؤں کے جاری سلسلے کے زیر اثر آج جیکب آباد، کشمور، قمبر شہداد کوٹ، شکار پور، لاڑکانہ، سکھر، دادو، خیر پور، سانگھر، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد اور جامشورو کے اضلاع میں چند مقامات پر گرد آلود ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی بوندا باندی کا امکان ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا کہ دیہی سندھ میں آندھی کی وجہ سے کمزور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ متعلقہ اداروں اور شہریوں کو موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔