لاہاور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی اسکیننگ مشین کو کنٹینر میں بند کرنے کا معاملہ سامنے آ گیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید اسکیننگ مشین نصب نہ ہونے سے قومی ایئرلائن کو مالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی اسکیننگ مشین کو کنٹینر میں بند کرنے کا معاملہ سامنے آ گیا، جبکہ پی آئی اے کارگو انتظامیہ کی مبینہ غفلت بھی بے نقاب ہو گئی۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کارگو میں کروڑوں روپے مالیت کی اسکیننگ مشین گزشتہ 3 ماہ سے غیر فعال ہے اور اسے مبینہ طور پر ایک کنٹینر میں رکھا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید اسکیننگ مشین نصب نہ ہونے سے قومی ایئرلائن کو مالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اپنی مشین کنٹینر میں موجود ہونے کے باوجود پی آئی اے کارگو کی اسکیننگ نجی کمپنی کے آپریٹرز کے ذریعے کرائی جا رہی ہے۔ لندن، کینیڈا، دبئی اور مڈل ایسٹ روٹس کا کارگو بھی نجی آپریٹرز کے ذریعے کلیئر کیا جا رہا ہے، جبکہ کروڑوں روپے مالیت کی مشین کی تنصیب اور آپریشنلائزیشن تاحال مکمل نہ ہو سکی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق برطانوی اور یورپی سیکیورٹی معیار کو پورا کرنے کے لیے سنگل ویو مشین کی جگہ ڈوئل ویو مشین نصب کی جا رہی ہے۔ مشین کی تنصیب اور کمپیوٹر کی کیلیبریشن میں وقت درکار ہوتا ہے، انجینئرز اس پر کام کر رہے ہیں اور مشین پیر تک فعال ہو جائے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ تنصیب کے دوران سیکیورٹی ریگولیشنز کے پیشِ نظر دوسرے آپریٹرز سے انٹر لائن معاہدے کے تحت اسکیننگ کروائی جا رہی ہے۔ اس دوران نہ پی آئی اے کارگو کی ترسیل میں کوئی رکاوٹ پیش آ رہی ہے اور نہ ہی اس پر کروڑوں روپے خرچ آ رہا ہے۔

Load Next Story