ٹرمپ مودی ملاقات میں کشیدگی نمایاں رہی، امریکی میڈیا
فوٹو: فائل
پاکستان نےسفارتی میدان میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا اور عالمی میڈیا میں مودی سرکار کی ناکامی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں اور بتایا گیا کہ معرکہ حق میں بھارت کے خلاف دفاعی کامیابی اور ایران-امریکا کشیدگی میں نتیجہ خیز ثالثی نے دنیا بھر میں پاکستان کو ایک نئی پہچان دلا دی جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان حالیہ ملاقات میں کشیدگی نمایاں تھی۔
فوکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارت واشنگٹن سےتعلقات بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے جبکہ پاکستان پہلے ہی اپنا سفارتی لوہا منوا چکا ہے، جی7 سربراہی اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی ملاقات روایتی گرم جوشی کے بجائے صرف مصافحہ تک محدود رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات بظاہر تو دوستانہ تھی مگر اس کے تناظر میں کشیدگی نمایاں تھی، بھارت کئی سال تک پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کی کوشش کرتا رہا جبکہ پاکستان خطہ اور عالمی سطح پر ایک اہم ترین ملک بن کر ابھرا۔
بھارتی تجزیہ کاروں کے مطابق دنیا اب امن کے لیے بھارت کے بجائے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے جو مودی کی ناکامی ہے۔
معروف بھارتی تجزیہ کار آنند رنگناتھن نے بھارتی سفارت کاری کی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کوشش کررہا ہے کہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے، بھارت کو اپنی پالیسی تبدیل کرنےکی ضرورت ہے۔