اسلام آباد مفاہمتی یادداشت؛ امریکا-ایران مذاکرات کل سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، وزارت خارجہ کا اعلان
فوٹو: فائل
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پرعمل درآمد کے سلسلے میں امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات پاکستان کی ثالثی میں کل سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سےجاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پردستخطوں کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات 21 جون کو سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں منعقد ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں امریکا اور ایران کے نمائندے شریک ہوں گے، پاکستان اور قطر کے ثالثی کردار ادا کرنے والے نمائندے بھی بات چیت میں حصہ لیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان ثالث کی حیثیت سے اس عمل میں سہولت کاری جاری رکھے گا تاکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمتوں کو آگے بڑھایا جا سکے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی پیش رفت کو عملی شکل دی جا سکے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی تعمیری سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت متوقع، ذرائع
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد کل سوئٹزرلینڈ جائے گا،پاکستانی وفد برگن اسٹاک میں ٹیکنیکل مزاکرات میں شریک ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔
دوسری جانب ایران-امریکا مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی تہران پہنچے ہیں جہاں ایرانی وزیرخارجہ سے محسن نقوی کی ملاقات ہوئی اور ہم امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔