ٹھٹھہ، دو اہلکاروں کی شہادت میں ملوث ایک ملزم مقابلے میں ہلاک، چھینی گئی رائفل برآمد
فوٹو: فائل
گھارو پولیس کے دو اہلکاروں کی شہادت کے واقعے میں ملوث ایک ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے قبضے سے چھینی گئی سرکاری رائفل بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق کانسٹیبل اکبر علی اور کانسٹیبل عبدالمجید مری گزشتہ شب بابڑا لنک روڈ جام واہ پکٹ پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار تین مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے دونوں اہلکاروں کو شہید کر دیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ گھارو میں درج کیا گیا۔
واقعے کے بعد ایس ایس پی ٹھٹھہ ساجد امیر سدوزئی کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس میں ایس ڈی پی او ٹھٹھہ اے ایس پی عبداللہ افضل، ایس ڈی پی او ساکرو ڈی ایس پی محمد علی داہامرا، ایس ایچ او گھارو انسپکٹر شہزاد الیاس اور انچارج ڈی آئی سی ٹھٹھہ انسپکٹر فیصل شفیع میمن شامل تھے۔
پولیس کے مطابق ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس معلومات کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔
گرفتاری کے لیے کارروائی کے دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم حضور بخش عرف رضوان ولد امیر بخش ابڑو ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے شہید اہلکاروں سے چھینی گئی سرکاری رائفل بھی برآمد کر لی ہے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے جبکہ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دھاریجو نے CC-II سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔