کراچی میں محرم کے مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کو حتمی شکل دے دی گئی
کراچی میں 8، 9 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کو حتمی شکل دے دی گئی۔
ایڈیشنل آئی کراچی آزاد خان کے مطابق محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی پر ساڑھے سات ہزار سے زائد افسران اور جوان سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کمشنر کراچی سید حسن نقدی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے نمائش چورنگی کا تفصیلی دورہ کیا اور انتظامات کا معائنہ اور جائزہ لیا جبکہ ماتحت افسران کو ضروری ہدایات جاری کی۔
کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کے دورے کے موقع پر ڈی ائی جی ساؤتھ سید اسد رضا، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ڈی آئی جی ایسٹ فرخ علی، ایس ایس پیز ایسٹ زبیر نذیر شیخ، ایس ایس پی سٹی فرخ رضا، ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسہ اور دیگرافسر موجود تھے۔
ایڈیشنل آئی کراچی آزاد خان نے ایکسپریس سے خصوصی گفگتو کرتے ہوئے بتایا کی کراچی میں 8، 9 اور 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر ساڑھے سات ہزار سے زائد افسران اور جوان سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے جن میں ٹریفک پولیس کے افسران و جوان بھی شامل ہیں۔
آزاد خان نے بتایا کہ 8، 9 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے لیے ایک ہی طرح کی سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے، محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹس کو مکمل سیل اور جلوسوں کے روٹس پر روف ٹاپ سیکیورٹی لگائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مرکزی جلوسوں کے روٹس کو بم ڈسپوزل اسکواڈ یونٹ اور کے نائن یونٹ دونوں سے سوئپنگ کرائی جائے گی۔
آزاد خان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے موقع پر کوئی مخصوص تھریٹ موجود نہیں ہے لیکن جب بھی اس طرح کے بڑے اجتماعات ہوتے تو سیکیورٹی اور حادثات کے حوالے سے خطرات موجود ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مرکزی جلوسوں کے حوالے سے صرف دہشتگردی نہیں بلکہ سیکیورٹی، سیفٹی اور مینجمنٹ کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ٹریفک پلان بھی سکیورٹی پلان کا حصہ ہے، ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کا تعین کر لیا گیا ہے، جلوس کے شرکاء کے لیے پارکنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔