خفیہ شادی کی تصدیق کے بعد ٹام ہالینڈ اور زینڈایا کی رومانوی تصاویر وائرل

تصاویر میں ٹام ہالینڈ اور زینڈایا ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے خوشگوار موڈ اور ماتھے پر بوسہ دیتے دکھائی دے رہے ہیں

ہالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی ٹام ہالینڈ اور زینڈایا نے اپنی شادی کی تصدیق کے بعد پہلی بار مداحوں کے ساتھ رومانوی تصاویر شیئر کرکے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔

اسٹار جوڑے نے روم میں اپنی نئی فلم ’’اسپائیڈرمین: برانڈ نیو ڈے‘‘ کی پروموشنل تقریب کے دوران لی گئی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر پوسٹ کیں۔ 

زینڈایا نے پانچ تصاویر پر مشتمل ایک البم شیئر کیا جس میں وہ 1997 کے ونٹیج جیانی ورساچے لباس میں جلوہ گر نظر آئیں۔ تاہم سب سے زیادہ توجہ آخری تصویر نے حاصل کی، جس میں ٹام ہالینڈ اپنی اہلیہ کے ماتھے پر محبت بھرا بوسہ دیتے دکھائی دیے جبکہ زینڈایا مسکراتے ہوئے کیمرے کی جانب دیکھ رہی تھیں۔ اداکارہ نے تصاویر کے ساتھ مختصر پیغام میں لکھا کہ ’’روم سے سب کو سلام کہنا چاہتی تھی‘‘۔

یہ تصاویر ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب چند روز قبل ٹام ہالینڈ نے بالآخر اپنی شادی کی تصدیق کی تھی۔ ایک حالیہ انٹرویو میں ان سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنائی گئی وائرل شادی کی تصاویر کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے دلچسپ انداز میں کہا کہ انہیں کسی کو وضاحت دینے کی ضرورت نہیں پڑی کیونکہ ’’سب لوگ وہاں موجود تھے‘‘۔ ان کے اس مختصر جواب کو مداحوں نے شادی کی تصدیق کے طور پر لیا۔

یاد رہے کہ زینڈایا اور ٹام ہالینڈ 2021 میں اپنے تعلقات کو عوامی سطح پر تسلیم کرنے کے بعد سے ہالی ووڈ کی سب سے زیادہ زیرِ بحث جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ رواں سال مارچ میں زینڈایا کے قریبی دوست اور اسٹائلسٹ نے بھی اشارہ دیا تھا کہ دونوں کی شادی ہو چکی ہے، جس کے بعد قیاس آرائیوں کا سلسلہ تیز ہو گیا تھا۔

دوسری جانب مداح اب ان دونوں کو ایک بار پھر بڑی اسکرین پر دیکھنے کے منتظر ہیں۔ ان کی نئی فلم ’’اسپائیڈر: برانڈ نیو ڈے‘‘کی عالمی نمائش 29 جولائی سے شروع ہوگی جبکہ امریکا میں اسے 31 جولائی 2026 کو ریلیز کیا جائے گا۔
 

Load Next Story