پی سی بی کا کھلاڑیوں کو تربیت کیلیے امریکا بھیجنے کا منصوبہ، مائیک ہیسن نے تصدیق کر دی

اس منصوبے کی حتمی منظوری اور انتظامات ابھی مکمل نہیں ہوئے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چند کرکٹرز کو خصوصی تربیتی پروگرام کے تحت امریکا بھیجنے کے منصوبے پر غور کر رہا ہے تاکہ انہیں مختلف ماحول میں سیکھنے اور اپنی مہارتوں میں مزید نکھار لانے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

اگرچہ اس منصوبے کی حتمی منظوری اور انتظامات ابھی مکمل نہیں ہوئے، تاہم پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے تصدیق کی ہے کہ اس حوالے سے کام جاری ہے۔

ایک انٹرویو میں مائیک ہیسن نے کہا کہ کچھ کھلاڑیوں کو امریکا بھیجنے کا منصوبہ زیر غور ہے جہاں انہیں پاور ہٹنگ کے جدید طریقوں اور مختلف تربیتی ماحول سے روشناس کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم چند کھلاڑیوں کو امریکا بھیج رہے ہیں۔ وہاں پاور ہٹنگ کے حوالے سے خاص مہارت موجود ہے اور ہم مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کچھ کھلاڑی طویل المدتی انجریز سے واپس آئے ہیں جبکہ بعض کو مختلف طریقہ کار سیکھنے اور نئی سوچ اپنانے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔

یہ اقدام پاکستان کرکٹ میں فٹنس اور میڈیکل کلچر کو بہتر بنانے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔ رواں سال برطانیہ میں مقیم فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر جاوید مغل کو پی سی بی کا ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن مقرر کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر جاوید مغل نے حال ہی میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فٹنس کو پیشہ ورانہ کھیل کا  ناقابلِ سمجھوتہ حصہ قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کے لیے جدید ٹیسٹنگ اور اسکریننگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ امریکا بھیجنے کا پروگرام صرف فٹنس تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد کھلاڑیوں کو مختلف تکنیکوں اور تربیتی طریقوں سے آگاہ کرنا بھی ہے۔

پاکستانی کوچ نے اس منصوبے کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو نئے مواقع اور مختلف ماحول میں سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا پاکستان کرکٹ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

 

Load Next Story