’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کا نیا سیزن تنازع کی زد میں، ایپسٹین آئی لینڈ پر مذاق مہنگا پڑگیا

قسط نشر ہونے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے اس مذاق کو نامناسب قرار دیا

کامیڈین سمے رائنا کے مقبول شو انڈیاز گوٹ لیٹنٹ کے دوسرے سیزن کی پہلی قسط نشر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔ کئی ماہ بعد دوبارہ شروع ہونے والے اس شو کو جہاں کچھ ناظرین نے پسند کیا، وہیں ایک مخصوص کامیڈی جملے نے شدید تنقید کو جنم دے دیا۔

نئی قسط میں بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ، شروری، کامیڈین آشیش سولنکی اور بلراج گھئی بھی پینل کا حصہ تھے۔ شو کی واپسی کو مداحوں کی جانب سے خاصی توجہ ملی، تاہم ایک کامیڈی پرفارمنس کے دوران کیا گیا مذاق تنازع کا باعث بن گیا۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب کامیڈین اویناش اگروال نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نقل کرتے ہوئے اسٹیج پر پرفارم کیا۔ مزاحیہ گفتگو کے دوران سمے رائنا نے تیل مانگنے سے متعلق جملہ کہا، جس کے جواب میں اویناش نے اپنے کردار کے انداز میں کہا کہ ’’میرے دوست، جزیرے پر آ جاؤ، وہاں بہت تیل موجود ہے۔‘‘ ناظرین نے اس جملے کو بدنام زمانہ ایپسٹین آئی لینڈ کی جانب اشارہ قرار دیا۔

قسط نشر ہونے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے اس مذاق کو نامناسب قرار دیا۔ بعض افراد کا کہنا تھا کہ ایپسٹین آئی لینڈ سے جڑے الزامات اور وہاں بچوں و خواتین کے ساتھ مبینہ زیادتیوں کے تناظر میں ایسے موضوعات پر مزاح کرنا قابلِ قبول نہیں۔

تاہم اس تمام صورتحال میں جس بات نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی، وہ عالیہ بھٹ کا ردِعمل تھا۔ جہاں پینل کے بعض ارکان اور حاضرین اس جملے پر ہنستے دکھائی دیے، وہیں عالیہ بھٹ خاموش رہیں اور انہوں نے اس مذاق پر کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔ سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے اداکارہ کے اسی رویے کو سراہا اور اسے حساسیت اور شعور کی علامت قرار دیا۔

 

ایک صارف نے لکھا کہ کسی شخص کی اخلاقی سوچ اور آگاہی بعض اوقات ایک چھوٹے سے اشارے سے بھی ظاہر ہو جاتی ہے، اور عالیہ بھٹ کا اس مذاق پر نہ ہنسنا ان کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ بعض مداحوں کا کہنا تھا کہ اداکارہ پورے شو کے دوران نسبتاً غیر آرام دہ محسوس کر رہی تھیں، جبکہ کچھ نے کہا کہ انہوں نے ایک مذاق سے خود کو دور رکھ کر درست مثال قائم کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال ’’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘‘ تنازع کا شکار ہوا تھا جب مہمان پینلسٹ رنویر الہ آبادیہ کے بعض بیانات پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ اس تنازع کے بعد شو کی اقساط یوٹیوب سے ہٹا دی گئی تھیں اور پروگرام سے وابستہ متعدد افراد کے خلاف قانونی شکایات بھی درج کرائی گئی تھیں۔

اب دوسرے سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی شو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث کا مرکز بن گیا ہے، جہاں مداح اور ناقدین اپنے اپنے مؤقف کا اظہار کر رہے ہیں۔

 

Load Next Story