کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کا بجٹ 28 جون کو پیش کیا جائے گا

کے ایم سی کو حکومت سندھ سے صوبائی گرانٹ کی مد میں 37 ارب 38 کروڑ 89 لاکھ 76 ہزار روپے ملیں گے

فوٹو فائل

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن(کے ایم سی) کا مالی سال 27-2026 کا بجٹ 28 جون کو پیش کیا جائے گا اور بجٹ کا مجموعی حجم 60 ارب 45 کروڑ 14 لاکھ 30 ہزار روپے جبکہ اخراجات کا تخمینہ 60 ارب 40 کروڑ 65 لاکھ 25 ہزار روپے لگایا گیا ہے اور بجٹ 4 کروڑ 49 لاکھ 5 ہزار روپے فاضل (سرپلس) ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کو ملنے والی بجٹ دستاویزات کے مطابق آمدنی کے شعبے میں کے ایم سی کو حکومت سندھ سے صوبائی گرانٹ کی مد میں 37 ارب 38 کروڑ 89 لاکھ 76 ہزار روپے ملیں گے، ضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت 9 ارب روپے کے فنڈز حاصل ہوں گے، اس کے علاوہ لینڈ ڈپارٹمنٹ سے دو ارب 80 کروڑ 37 لاکھ روپے، وصولیوں کی مد میں ایک ارب 25 کروڑ 50 لاکھ روپے اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے 55 کروڑ 16 لاکھ روپے کی آمدنی کا تخمینہ ہے۔

کے ایم سی کے بجٹ میں اخراجات کی مد میں سب سے بڑی رقم اسٹیبلشمنٹ (ملازمین کی تنخواہوں اور انتظامی امور) کے لیے مختص کی گئی ہے جو 37 ارب 29 کروڑ 22 لاکھ روپے ہے، انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے لیے 9 ارب 27 کروڑ 17 لاکھ روپے، طبی سہولیات اور صحت کے شعبے کے لیے 7 ارب 75 کروڑ 97 لاکھ روپے جبکہ بلدیاتی خدمات کے لیے 6 ارب 41 کروڑ 75 لاکھ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

پینشن فنڈ اور پینشنرز کے بیل آؤٹ پیکیج کی مد میں 18 ارب 21 کروڑ روپے،  ترقیاتی کاموں کے لیے کے ایم سی نے اپنے فنڈز سے 8 ارب 59 کروڑ 52 لاکھ روپے مختص کیے ہیں، مخصوص ترقیاتی پورٹ فولیو کا حجم 6 ارب 48 کروڑ 2 لاکھ روپے ہے، جس میں سے مختلف یونین کمیٹیوں کے ترقیاتی کاموں کے لیے ایک ارب 20 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

بجٹ دستاویز کے مطابق کونسل سیکشن کے تحت ہر یونین کمیٹی کو ماہانہ ایک لاکھ روپے کی ادائیگی کے لیے 29 کروڑ 52 لاکھ روپے الگ سے رکھے گئے ہیں، شہر کے برساتی نالوں کی صفائی اور دیکھ بھال کے لیے 80 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

بجٹ میں شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے مجموعی طور پر 75 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں، جس میں سے تمام یونین کمیٹیوں کے لیے 50 کروڑ روپے اور کے ایم سی عمارتوں اور سڑکوں کے لیے 25 کروڑ روپے شامل ہیں، سڑکوں کی تعمیر و بہتری کے لیے 40 کروڑ روپے، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور پلوں کی سالانہ دیکھ بھال (ڈسٹرکٹ وائز) کے لیے 48 کروڑ روپے اور فٹ پاتھوں، سیوریج لائنوں اور چوراہوں کی بہتری کے لیے 25 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اسی طرح تفریح اور شجرکاری کے شعبے میں پارکوں کی ترقی، خوب صورتی اور سڑکوں کے کنارے شجرکاری کے لیے ایک ارب 15 کروڑ روپے، پارکوں اور ہارٹیکلچر کے لیے 50 کروڑ روپے، لنگز آف کراچی (الادین پارک) کے منصوبے کے لیے 10 کروڑ روپے، چوکنڈی قبرستان کے ساتھ پارک کے لیے 5 کروڑ روپے، شہری جنگلات اور کڈنی ہل پارک کے لیے 2،2 کروڑ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

کے ایم سی کے بجٹ میں اقلیتی برادریوں کے لیے 10 کروڑ روپے کا مخصوص ترقیاتی گرانٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے، ضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اسکیموں کے لیے 3 ارب 82 کروڑ 60 لاکھ روپے اور نئی اسکیموں کے بلاک ایلوکیشن کے لیے 5 ارب 17 کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد کی رقم رکھی گئی ہے۔

بجٹ میں قرضوں اور سود کی ادائیگی، متفرق اخراجات اور متوفی ملازمین کی مالی مدد پر 58 کروڑ 16 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

کے ایم سی کی آمدنی کے حوالے سے تخمینہ لگایا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس اور اشتہارات کی مد میں 5 ارب 95 کروڑ روپے اور فنانس اینڈ اکاؤنٹس سے 84 کروڑ 81 لاکھ روپے ملیں گے۔

کے ایم سی بجٹ دستاویز کے مطابق اراضی کی مد میں کے ایم سی کو 2 ارب 80 کروڑ 37 لاکھ روپے حاصل ہوں گے، اینٹی انکروچمنٹ سے 31 کروڑ 78 لاکھ روپے کی آمدنی، چارجڈ پارکنگ سے کے ایم سی کو 13 کروڑ 10 لاکھ روپے ملیں گے، میئر، ڈپٹی میئر اور میونپسل سیکریٹریٹ کے لیے ایک ارب 45 کروڑ 22 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

Load Next Story