ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال سے اغوا کیا گیا نومولود بازیاب، 4 ملزمان گرفتار
فوٹو فائل
ایبٹ آباد کے ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال سے اغوا ہونے والے نومولود کو پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر بازیاب کروا لیا۔
ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون الرشید نے بتایا کہ ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال ایبٹ آباد سے 23 جون کو نرسری سے نومولود کے اغواء کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر لواحقین نے شدید احتجاج کیا تھا۔
بعد ازاں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کے وقت وارڈ میں کوئی ڈیوٹی پر موجود نہیں تھا۔ یہ اسپتال کے عملے کی بدترین غفلت ہے۔ اس خاتون کی کوئی اولاد نہیں تھی جس کے لیے اس نے اسپتال سے بچہ اغوا کیا تھا۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزمہ، اس کا خاوند گرفتار جب کہ وہ گاڑی جس میں بچہ لے گئے تھے، قبضے میں لے لی گئی ہے۔
ڈی پی او ایبٹ آباد نے بتایا کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
یاد رہے کہ اسپتال سے نوزائیدہ کے اغوا کا یہ واقعہ 23 جون کو پیش آیا تھا، جس کے بعد علاقے میں شدید بے چینی پھیل گئی تھی اور لواحقین نے فوری بازیابی کے لیے اسپتال کے باہر احتجاج بھی کیا تھا۔