آم کھاتے وقت یہ 7 غلطیاں فائدے کے بجائے نقصان پہنچا سکتی ہیں
پاکستان میں گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی آم صرف ایک عام پھل نہیں رہتا بلکہ روزمرہ زندگی، دعوتوں، دسترخوان اور یہاں تک کہ سوشل میڈیا کا بھی حصہ بن جاتا ہے۔
کسی گھر میں ٹھنڈے آم پانی میں بھگو کر پیش کیے جاتے ہیں، کہیں آم شیک بنتا ہے، کہیں فالودہ اور کہیں دودھ کے ساتھ آم کھانے کی روایت چلتی ہے، مگر اس ساری محبت میں ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ آم کے ساتھ کی جانے والی چند عام غلطیاں بعض لوگوں کے لیے نقصان کا سبب بن جاتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق آم بذاتِ خود ایک غذائیت سے بھرپور پھل ہے جس میں وٹامن سی، وٹامن اے، فائبر، پوٹاشیم اور کئی اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔
مختلف طبی اور غذائی حوالوں میں یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ آم مدافعتی نظام، جلد، آنکھوں اور ہاضمے کے لیے مفید ہو سکتا ہے، لیکن مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب اسے مقدار، وقت اور طریقے کی پروا کیے بغیر کھایا جائے۔
پہلی غلطی
آم چونکہ میٹھا، خوشبودار اور نرم گودے والا پھل ہے، اس لیے اکثر لوگ ایک آم پر اکتفا کے بجائے 2، 3 یا اس سے بھی زیادہ آم ایک ہی نشست میں کھا لیتے ہیں۔
یہی وہ موقع ہے جہاں ذائقہ آہستہ آہستہ مسئلہ بننا شروع ہو جاتا ہے۔
آم میں قدرتی شکر اور کاربوہائیڈریٹس موجود ہوتے ہیں، اس لیے بہت زیادہ مقدار مجموعی کیلوریز بڑھا سکتی ہے، معدے پر بوجھ ڈال سکتی ہے اور بعض افراد میں سستی یا بھاری پن کا احساس پیدا کر سکتی ہے۔
طبی ماہرین اسی لیے اعتدال پر زور دیتے ہیں، یعنی آم کو ایک متوازن غذا کے حصے کے طور پر کھایا جائے، نہ کہ ایک ہی وقت میں ضرورت سے زیادہ۔
دوسری غلطی
بہت سے گھروں میں آم صرف پھل کے طور پر نہیں کھایا جاتا بلکہ اس کا شیک، آئس کریم، کسٹرڈ، فالودہ یا کریم کے ساتھ ڈیزرٹ بنایا جاتا ہے۔
مسئلہ یہ ہے کہ ایسے انداز میں آم کے ساتھ اضافی چینی، آئس کریم، کریم، فل فیٹ دودھ اور دیگر میٹھی چیزیں بھی شامل ہو جاتی ہیں اور یوں ایک نسبتاً بہتر پھل ایک بھاری، زیادہ کیلوریز والی اور بعض صورتوں میں شوگر اسپائک بڑھانے والی ڈش میں بدل سکتا ہے۔
غذائی اعتبار سے اگر مقصد آم سے لطف اٹھانا اور ساتھ ساتھ صحت کا خیال رکھنا ہو تو تازہ آم کے قتلے، دہی کے ساتھ آم یا فروٹ باؤل نسبتاً بہتر انتخاب ہو سکتے ہیں۔
آم کی غذائیت برقرار رکھنے کے لیے اسے کم سے کم اضافی چینی کے ساتھ کھانا زیادہ مناسب سمجھا جاتا ہے۔
تیسری غلطی
یہ ایک عام غلط فہمی ہے کہ اگر پھل ہے تو جتنا چاہیں کھا لیا جائے۔
حقیقت یہ ہے کہ آم میں موجود مٹھاس قدرتی ضرور ہے، مگر یہ پھر بھی شکر اور کاربوہائیڈریٹس ہی کی شکل ہے۔ اسی لیے ذیابیطس، پری ڈائبیٹیز، انسولین ریزسٹنس یا وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کے لیے آم کھاتے وقت مقدار اور وقت دونوں اہم ہو جاتے ہیں۔
حالیہ غذائی مشوروں میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ آم کو تنہا بہت زیادہ کھانے کے بجائے دہی، کچھ گری دار میوے یا کسی فائبر والی غذا کے ساتھ کھایا جائے تاکہ شوگر کے تیز اتار چڑھاؤ کا خطرہ کم ہو۔
اس کے باوجود ہر مریض کے لیے ایک ہی اصول درست نہیں، اس لیے طبی مشورہ زیادہ بہتر رہتا ہے۔
چوتھی غلطی
گرمیوں میں بعض لوگ آم اتنے شوق سے کھاتے ہیں کہ باقاعدہ کھانا کم کر دیتے ہیں اور آم ہی کو دوپہر یا رات کے کھانے کا متبادل بنا لیتے ہیں۔
اگرچہ آم میں فائبر، وٹامنز اور کچھ معدنیات پائی جاتی ہیں، مگر یہ مکمل غذا نہیں ہے۔ جسم کو پروٹین، متوازن کاربوہائیڈریٹس، صحت مند چکنائیاں اور دیگر غذائی اجزا بھی درکار ہوتے ہیں۔
صرف آم پر انحصار کرنا وقتی طور پر خوشگوار ضرور لگ سکتا ہے، لیکن یہ متوازن غذا کی جگہ نہیں لے سکتا۔
بہتر یہی ہے کہ آم کو ناشتے، اسنیک یا کھانے کے ایک حصے کے طور پر رکھا جائے، پورے میل (meal) کی جگہ نہیں۔ آم مجموعی غذائی معیار بہتر کرنے میں مدد دے سکتا ہے، مگر تنہا مکمل غذائی ضرورت پوری نہیں کرتا۔
پانچویں غلطی
بعض لوگوں کو شکایت ہوتی ہے کہ آم کھانے کے بعد پیٹ بھاری ہو جاتا ہے، گیس بنتی ہے یا سستی طاری ہو جاتی ہے۔
اس کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ آم ایسے وقت کھایا جا رہا ہو جب معدہ پہلے ہی بھاری کھانے سے بھرا ہوا ہو۔ رات گئے، بہت مصالحے دار یا چکنائی والے کھانے کے فوراً بعد زیادہ مقدار میں آم کھانے سے کچھ افراد میں بدہضمی یا بے آرامی محسوس ہو سکتی ہے۔
اس کے مقابلے میں دن کے وقت، ناشتے کے بعد، شام کے ہلکے اسنیک کے طور پر یا کھانے سے مناسب فاصلے کے ساتھ آم کھانا نسبتاً بہتر مانا جاتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق صرف یہ دیکھنا کافی نہیں کہ آپ کیا کھا رہے ہیں، بلکہ یہ بھی اہم ہے کہ کب اور کس کے ساتھ کھا رہے ہیں۔
چھٹی غلطی
پاکستانی میں گرمیوں میں پکے آم کے ساتھ ساتھ کچا آم بھی بہت مقبول ہے۔
اس موسم میں آم پنا، چٹنی، اچار اور کچی کیری کے مختلف استعمال عام ہیں، لیکن کچے اور پکے آم کی غذائی نوعیت اور جسم پر اثرات میں کچھ فرق ہوتا ہے۔
مختلف غذائی مضامین کے مطابق کچا آم وٹامن سی، کھٹاس اور گرمی میں تازگی کے حوالے سے الگ اہمیت رکھتا ہے، جبکہ پکا آم قدرتی مٹھاس، وٹامن اے، فائبر اور فوری توانائی کے لحاظ سے زیادہ نمایاں ہوتا ہے۔
اس لیے دونوں کو ایک ہی طریقے سے، ایک ہی مقدار میں اور ایک ہی مقصد کے لیے استعمال کرنا درست نہیں۔ خاص طور پر حساس معدے، تیزابیت یا مخصوص طبی مسائل والے افراد کو کچے آم کے معاملے میں احتیاط کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
ساتویں غلطی
آم کے فائدے اپنی جگہ، لیکن یہ تصور درست نہیں کہ زیادہ سے زیادہ آم کھانا خود بخود زیادہ صحت بخش ثابت ہوگا۔
غذائیت کا بنیادی اصول اعتدال اور توازن ہے۔ آم میں فائبر، وٹامن سی، وٹامن اے اور کئی مفید مرکبات موجود ہیں، مگر اسی کے ساتھ یہ قدرتی شکر اور کیلوریز بھی رکھتا ہے۔
اگر پورا دن میٹھے مشروبات، آم شیک، ڈیزرٹس اور کئی آم ملا کر کھائے جائیں تو یہ فائدے کے بجائے اضافی کیلوریز، ہاضمے کی خرابی اور بعض افراد میں شوگر کنٹرول کے مسائل بڑھا سکتا ہے۔
طبی ماہرین اسی لیے بار بار یہی کہتے ہیں کہ آم سے لطف اٹھائیں، مگر اسے متوازن غذا، مناسب مقدار اور درست وقت کے ساتھ کھائیں۔
آم کھانے کا بہتر طریقہ کیا ہو سکتا ہے؟
اگر مقصد یہ ہو کہ آم کا ذائقہ بھی برقرار رہے اور صحت بھی متاثر نہ ہو، تو چند آسان اصول مدد دے سکتے ہیں:
آم کو ایک وقت میں محدود مقدار میں کھایا جائے، اسے بہت زیادہ میٹھے شیکس اور کریمی ڈیزرٹس میں بدلنے کے بجائے تازہ صورت میں یا دہی کے ساتھ استعمال کیا جائے۔
ذیابیطس یا وزن کے مسائل کی صورت میں حصہ کم رکھا جائے اور اسے مکمل کھانے کے متبادل کے بجائے متوازن غذا کے حصے کے طور پر لیا جائے۔ اسی طرح گرمیوں میں پانی کی مناسب مقدار، ہلکی غذا اور مجموعی لائف اسٹائل بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا خود آم۔