نوجوان بھارتی بزنس مین قتل کیس میں ہولناک انکشافات، منگیتر اداکارہ نے کئی بار قتل کی سازش کی
بھارت میں 26 سالہ کاروباری شخصیت کیتن اگروال کے قتل کیس نے نئی تفصیلات سامنے آنے کے بعد مزید سنسنی خیز رخ اختیار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا دعویٰ ہے کہ کیتن کی منگیتر 22 سالہ سیا گوئل اور اس کے عاشق چیتن چودھری نے مبینہ طور پر قتل کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی تھی۔
پونے رورل پولیس کا کہنا ہے کہ سیا اور چیتن نے کیتن کو قتل کرنے کی کم از کم تین مرتبہ ناکام کوشش کی۔ ایک موقع پر سیا نے مبینہ طور پر کیتن کو دھکا دیا، تاہم وہ بچ گیا۔ بعد ازاں سیا نے یہ کہہ کر معاملہ سنبھال لیا کہ وہ سانپ دیکھ کر گھبرا گئی تھی اور اسے بچانے کی کوشش کر رہی تھی۔
پولیس کے مطابق 18 جون کو لوہ گڑھ قلعے کے قریب ایک ویران مقام پر منصوبے کے تحت چیتن چودھری پہلے سے موجود تھا۔ تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ سیا نے طے شدہ اشاروں کے ذریعے چیتن کو مناسب وقت کا اشارہ دیا، جس کے بعد مبینہ طور پر اس نے کیتن کو کھائی میں دھکا دے دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے نے تہلکہ مچا دیا ہے اور بھارتی شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد بھی اس پر بھرپور ردعمل دے رہے ہیں۔