وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی وجہ سے پاکستان عالمی سطح پر امن کا سفیر بن کر سامنے آیا ہے، گورنر پنجاب
فوٹو: فائل
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور فیلڈمارشل نے عالمی امن کو قائم کرنے میں کردار ادا کیا اور اللہ نے ہمیں عالمی سطح پر سرخرو کیا جس کے بعد پاکستان امن کا سفیر بن کر سامنے آیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی جانب سے یوم عاشور پر لاہور کے مرکزی جلوسوں اور کربلا گامے شاہ پر میڈیکل کیمپس اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ عزاداران کو بھرپور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، کربلا گامے شاہ اور ان کے متعلقہ روڈز پر میڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، حق کا پرچم تھامے ہوئے ظلم کے خلاف جہاد کر کے حضرت امام حسین نے صبر، قربانی اور اصول پرستی کا پیغام دیا۔ حضرت امام حسین کی قربانی کی بدولت آج اسلام زندہ ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ عزاداروں کے لیے سبیلیں ، کھانے اور میڈیکل کیمپس کا انتظام کیا ہے اور مجھے عزاداروں کی خدمت پر مجھے فخر ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ سرکاری اداروں کے ساتھ رضا کاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ یوم عاشور کے جلوس پر امن انداز سے اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہیں۔ امن و امان قائم رکھنے میں امن کمیٹی ،علمائے کرام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم سب نے مل کر ملک کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ کرنا ہے، اللہ پاک نے ہمیں عالمی سطح پر سرخرو کیا ہےاور پاکستان امن کا سفیر بن کر سامنے آیا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے عالمی امن کو قائم کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔