کراچی؛ 13 سالہ بچہ بازیاب، آئی جی سندھ کا پولیس ٹیم کیلئے انعام کا اعلان
فوٹو: فائل
انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ملیر کے علاقے ماڈل ٹاؤں میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 20 جون کو اغوا ہونے والے 13 سالہ بچے کی بحفاظت بازیابی پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے انعام کا اعلان کردیا۔
ترجمان آئی جی سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اے وی سی سی اور سی آئی اے پولیس نے ملیر کے علاقے ماڈل کالونی میں جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ حکمت عملی سے کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔
ایس ایس پی اے وی سی سی کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران دو اغواکاروں روحیل خان عرف کاشف اور روحان خان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 13 سالہ یاسر کو 20 جون 2026 کو اغوا کیا گیا تھا، اغوا کاروں نے رہائی کے عوض 20 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے 13 سالہ یاسر شیر محمد کی بحفاظت بازیابی پر ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر، ایس ایس پی اے وی سی سی آصف رضا بلوچ اور پوری ٹیم کو شاباش دی ہے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ بچے کی بحفاظت بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری سندھ پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کا ثبوت ہے، پولیس کی کامیاب کارروائی افسران اور اہلکاروں کی ان تھک محنت، مؤثر حکمت عملی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مضبوط شواہد کے ساتھ مقدمہ چلایا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔
آئی جی سندھ نے کامیاب کارروائی میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کے لیے سی سی فرسٹ انعام کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ عوام کا اعتماد برقرار رکھنے اور قانون کی حکمرانی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سندھ پولیس ہر چیلنج کا بھرپور مقابلہ کرتی رہے گی۔