35 سالہ خاتون کی گولیاں کھا کر مبینہ خودکشی، متاثر ہونے والی 2 بچیاں بھی اسپتال منتقل
سرکلر روڈ وارث خان کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 35 سالہ خاتون مبینہ طور پر خودکشی کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئی، جبکہ 2 بچیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی 3 گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے معلوم ہوا ہے کہ خاتون نے مبینہ طور پر گولیاں کھائی تھیں، جس سے خاتون موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی، جبکہ اس کے ساتھ موجود 15 سالہ ایمان فاطمہ اور 8 سالہ حمد شہزادی کو زندہ حالت میں طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کی لاش اور دونوں بچیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر لیے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق راولپنڈی پولیس نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کی روشنی میں مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی نوعیت سے متعلق حتمی مؤقف سامنے آئے گا۔