مظفر گڑھ سے اغوا نوجوان بازیاب، ملزمان گرفتار، 36 لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد

اغوا کا مقدمہ پہلے ہی ضلع مظفرگڑھ کے تھانہ شہر سلطان میں درج تھا

لاہور:

مظفر گڑھ سے اغوا نوجوان بازیاب کروا لیا گیا جبکہ ملزمان کو گرفتار کرکے 36 لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد کرلی گئی۔

پولیس کے مطابق بروقت کارروائی کرتے ہوئے مظفرگڑھ سے اغوا ہونے والے مغوی کو بحفاظت بازیاب کروایا گیا جبکہ اغوا کے مقدمے میں نامزد دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے نقد رقم اور قیمتی موبائل فون بھی برآمد کر لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مدعی کی اطلاع پر سبزازار پولیس نے اعوان ٹاؤن میں فوری چھاپا مار کارروائی کی، جس کے دوران مغوی طہ کو بحفاظت بازیاب کروا کر پولیس تحویل میں لے لیا گیا۔ کارروائی کے دوران اغوا کے مقدمے میں نامزد دونوں ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت حفیف ولد وسیم اور ذیشان ولد اشرف کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اغوا کے وقت چھینی گئی رقم میں سے 36 لاکھ 34 ہزار روپے نقد برآمد کر لیے، جبکہ تقریباً 4 لاکھ روپے مالیت کا آئی فون بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مغوی، گرفتار ملزمان، برآمد شدہ نقد رقم اور موبائل فون کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ سبزازار منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اغوا کا مقدمہ پہلے ہی ضلع مظفرگڑھ کے تھانہ شہر سلطان میں درج تھا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ کارروائی سے متعلق تھانہ شہر سلطان پولیس کو فوری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے وہاں کی پولیس لاہور روانہ ہو چکی ہے۔

پولیس کے مطابق بین الاضلاعی پولیس رابطے، بروقت اطلاع اور فوری کارروائی کے باعث مغوی کو بحفاظت بازیاب کرانا ممکن ہوا، جبکہ ملزمان کو گرفتار کرکے اہم شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔

Load Next Story