کراچی کا رہائشی موبائل ڈیلر بلوچستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جان بحق
کراچی کا رہائشی موبائل ڈیلر علی جمیل بلوچستان میں دشت کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جان بحق ہوگئے۔
کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین منہاج گلفام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ شب اس وقت پیش کہ جب ناظم آباد کے رہائشی خاندان گاڑی میں کراچی سے کوئٹہ جارہا تھا۔
خاندان مبینہ طور پر گوگل میپ کی غلط رہنمائی کے باعث دشت کے علاقے کھنڈ پہنچ گیا تھا۔ راستہ بھٹکنے والے خاندان کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کراچی کے رہائشی اور خاندان کے سربراہ علی جمیل جاں بحق اور خاتون شدید زخمی ہوگئی تاہم انکے ہمراہ جانے والے دو کمسن بچے محفوظ رہے۔
منہاج گلفام نے بتایا جان بحق ہونے والے علی جمیل ایسوسی ایشن کے رکن تھے جنکی لاش اور زخمی خاتون کو کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقتول علی جمیل کراچی کے علاقے ناظم آباد کا رہائشی اور موبائل فون کے کاروبار سے وابستہ تھا۔
کراچی کے موبائل مارکیٹ سے وابستہ تاجر علی جمیل کے انتقال پر کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر منہاج گلفام نے اس اندوہناک واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے علی جمیل کی مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل کی دعا کی۔
منہاج گلفام نے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی پر وفاقی حکومت سے فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرحوم علی جمیل کی نماز جنازہ اتوار کو انکی رہائش گاہ واقع بہادر یار جنگ کوآپریٹو سوسائٹی، محمد عبدالرحمان رئیس روڈ ناظم آباد سے متصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔