ہنزہ میں ٹریفک حادثہ، کار گہری کھائی میں گرنے سے ایک شخص جاں بحق
فوٹو: فائل
گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں گنش پل کے قریب پیش آنے والے ایک افسوس ناک ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب نگر خاص سے آنے والی ایک کار بے قابو ہو کر تقریباً ڈیڑھ سو فٹ گہری کھائی میں جاگری تاہم حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مقامی رضاکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو نے بتایا کہ دشوار گزار علاقہ اور زمینی راستہ نہ ہونے کے باعث امدادی اہلکاروں نے رسیوں کی مدد سے کھائی میں اتر کر تینوں افراد کو باہر نکالا۔
بیان میں کہا گیا کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ایمبولینس کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال علی آباد ہنزہ منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق اسپتال میں زیر علاج شدید زخمیوں میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دیگر دو زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کی شکار گاڑی کو بھی ریکوری کرین کی مدد سے کھائی سے نکالنے کی کارروائی جاری ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔