دورہ ویسٹ انڈیز: ابرار احمد کی شرکت پر تاحال فیصلہ نہ ہوسکا، دی ہنڈریڈ لیگ رکاوٹ بن گئی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اسپنر ابرار احمد کی شمولیت تاحال غیر یقینی ہے کیونکہ سلیکشن کمیٹی ابھی تک ان کی دستیابی کے حوالے سے کسی حتمی فیصلے پر نہیں پہنچ سکی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابرار احمد کا انگلینڈ میں ہونے والی دی ہنڈریڈ لیگ کی ٹیم سن رائزرز لیڈز کے ساتھ ایک لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ کا معاہدہ ہے۔ ٹورنامنٹ 21 جولائی سے 16 اگست 2026 تک کھیلا جائے گا۔
اگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابرار احمد کو دی ہنڈریڈ لیگ کھیلنے کی اجازت دے دی تو وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ تاہم وہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 19 اگست سے 13 ستمبر 2026 تک کھیلنی ہے۔
واضح رہے کہ 27 سالہ ابرار احمد کو حالیہ بنگلا دیش کے دورے کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا جبکہ انہوں نے پاکستان کی جانب سے اپنا آخری ٹیسٹ میچ جنوری 2025 میں ملتان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔
اب تک ابرار احمد پاکستان کے لیے 10 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 34.34 کی اوسط سے مجموعی طور پر 46 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔