راولپنڈی میں چوری کی شکایت پر قتل کی واردات 

بھائی کو ہسپتال منتقل کیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا

راولپنڈی کے تھانہ کہوٹہ کےعلاقے میں چوری کے لیے گھر میں داخل ہونے کی شکایت پر قتل کی واردات پیش آئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پولیس نے مقتول کے بھائی کی درخواست پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ بھائی نے بتایا کہ میرے بھائی اسد الرحمان  اور کزن  قیوم کی دکان پر موجود تھے۔  میں اپنے کزن فرخ شجاع،اور عامر شہزاد کے ہمراہ دکان کے باہر کھڑے تھے۔ 

 بھائی اسد الرحمان دکان کی جانب رخ کرکے بیٹھا ہوا تھا۔ ہم سب آپس میں گپ شپ کر رھے تھے۔ محمد جواد پیدل آیا اور دکان کے قریب پہنچ کر پسٹل بھائی پر عقب سے فائرنگ شروع کردی۔ بھائی شدید زخمی ہوکر گر گیا جبکہ محمد جواد  فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا۔

بھائی نے بتایا کہ بھائی کو ہسپتال منتقل کیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ محمد جواد گزشتہ شب چوری کی نیت سے بھائی کے  گھر میں داخل ہوا تھا۔ بھائی اسد الرحمان نے اسکو دیکھ لیا اور پکڑ ا تو وہ خود کو چھڑا کر بھاگ گیا۔ 

میرے بھائی نے اسکے والدین کو ساری بات بتائی اور گلہ کیا تو محمد جواد  نے اسی رنجش پر  بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطاق مقدمہ  درج  کرلیا ہے تفتیش جاری ہے ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

Load Next Story