راولپنڈی؛ ڈیڑھ سالہ بچی کو چھری کے وار سے قتل کرنے کی کوشش، گرفتار ملزم رشتہ دار نکلا
تھانہ دھمیال کے علاقے گرجا روڈ پر گلی میں کھیلتی ڈیڑھ سالہ بچی کی گردن پر چھری کے وار سے قتل کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کے سخت نوٹس لینے پر پولیس مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ انہوں نے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا جس پر ملزم کو 24 گھنٹے میں گرفتار کر لیا گیا۔
ڈیڑھ سالہ بچی کو اسپتال منتقل کیا گیا جس کی حالت علاج معالجے کے بعد خطرے سے باہر ہے۔
ایس پی صدر کی سربراہی میں ایس ایچ او دھمیال اور ٹیموں نے مسلسل انتھک محنت سے ملزم کو گرفتار کیا، ملزم متاثرہ بچی کی والدہ کا رشتہ دار نکلا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے ذاتی چپقلش کی بناء پر بچی کو قتل کرنے کی کوشش کا انکشاف کیا ہے، ملزم کے ساتھیوں سہولت کاروں کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔
سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کا کہنا تھا کہ بچوں پر تشدد یا انکا استحصال کسی صورت برداشت نہیں، ملزم کو غیر انسانی فعل پر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
قبل ازیں، تھانہ دھمیال میں سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار جواد الحسن کی مدعیت میں درج مقدمے میں بتایا گیا تھا کہ ڈیوٹی پر موجود تھا کہ گلی نمبر 6 گرجا روڈ پر ڈیڑھ سالہ بچی کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔ موقع پر پہنچا تو پتا چلا کہ ڈیڑھ سالہ چھوٹی بچی ایمن فاطمہ گردن پر چھری کے وار سے شدید زخمی ہوئی ہے۔
درج مقدمے میں بتایا گیا کہ مزید پتہ کرنے پر پتا چلا کہ کسی نامعلوم شخص نے بچی کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر قتل کرنے کے لیے گردن پر چھری سے وار کیا جس کے باعث بچی شدید زخمی ہوگئی، بچی کو علاج کے لیے ڈسڑکٹ اسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی جانچ پڑتال میں معلوم ہوا ہے کہ بچی کے والدین حیات ہیں، بچی کھیلتے ہوئے گھر سے باہر نکلی تھی کہ نامعلوم ملزم نے زخمی کیا۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ نامعلوم ملزم کے خلاف ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر تفتیش کی جا رہی ہے، جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔