فرانس؛ مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 11 افراد ہلاک

حکام کے مطابق طیارے میں اسکائی ڈائیونگ ایونٹ میں شرکت کے لیے جانے والے نرسز بھی شامل ہیں، رپورٹ

فوٹو: رائٹرز/انادولو

فرانس کے شمال مشرقی شہر نینسی کے قریب ایک چھوٹا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہ شمالی فرانس کے شہر نینسی کے قریب طیارہ حادثے کا شکار ہوا، مذکورہ طیارہ نینسی ایسے ایئرپورٹ سے پرواز بھرنے کے تھوڑی دیر بعد ٹومبلین قصبے میں گرکر تباہ ہوا۔

حکام نے بتایا کہ حادثے کے شکار طیارے میں پائلٹ، 5 پیراشوٹرز اور عملے سمیت 11 افراد سوار تھے، جو اسکائی ڈائیونگ سیشن میں حصہ لے رہے تھے۔

میورتھے موسیلے برانچ کے آرڈر آف انڈیپنڈنٹ نرسز کے سربراہ تھیر پیچے نے بتایا کہ طیارے میں ہلاک ہونے والے افراد میں اسکائی ڈائیونگ انسٹرکٹرز کے ساتھ ساتھ نرسز بھی شامل ہیں جو ایونٹ میں شرکت کرنے جا رہے تھے۔

فرانس کے وزیر داخلہ لورینٹ نونیز متوقع طور پر جائے حادثہ کا دورہ کریں گے جبکہ مقامی حکام نے بتایا کہ ایمرجنسی سروسز متحرک ہوگئی ہیں اور صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی سروسز کے لیے سہولت فراہم کریں اور جائے حادثے میں جمع ہونے سے گریز کریں تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بلارکاوٹ رسائی کرسکیں۔

Load Next Story