ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر یوروگوئے کیلیے بُک چارٹر فلائٹ منسوخ

کھلاڑی اب مختلف کمرشل پروازوں کے ذریعے وطن واپس جائیں گے

ورلڈ کپ سے اخراج کے بعد یوروگوائے فٹبال ٹیم کو ایک اور غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جہاں ٹیم کے لیے مختص چارٹر پرواز منسوخ کر دی گئی اور کھلاڑی اب مختلف کمرشل پروازوں کے ذریعے وطن واپس جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یوروگوئے فٹبال ایسوسی ایشن نے میکسیکو میں قائم ٹیم کے بیس کیمپ سے دارالحکومت مونٹی ویڈیو واپسی کے لیے بک کی گئی چارٹر فلائٹ منسوخ کر دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد قومی اسکواڈ ایک ساتھ سفر کرنے کے بجائے الگ الگ کمرشل پروازوں سے وطن لوٹے گا۔

یوراگوئے کو گروپ مرحلے کے آخری میچ میں اسپین کے خلاف کامیابی درکار تھی۔ تاہم، ٹیم اس سے قبل سعودی عرب اور کیپ وردے کے خلاف اپنے دونوں میچ برابر کھیلنے کے باعث مشکل صورتحال سے دوچار تھی۔

گوادالاجارا میں کھیلے گئے اہم مقابلے میں اسپین نے پہلے ہاف کے 42 ویں منٹ میں گول کیپر کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے برتری حاصل کی۔ یوروگوئے کی ٹیم پورے میچ میں اس خسارے کا ازالہ نہ کر سکی اور 1-0 سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔

تقریباً 35 لاکھ آبادی والے جنوبی امریکی ملک یوراگوئے کو عالمی فٹبال میں ایک مضبوط روایت کا حامل ملک سمجھا جاتا ہے۔ تاہم، اس بار ٹیم گروپ مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکی۔

Load Next Story