امریکا اور ایران ایک دوسرے پر حملے بند کرنے پر متفق، کل دوحا میں اہم مذاکرات کا امکان

مذاکرات میں امریکی تکنیکی ٹیم کے سربراہ نک اسٹیورٹ بھی شریک ہوں گے، امریکی حکام

فوٹو: ایگزیوس ویب سائٹ

واشنگٹن:

امریکا اور ایران نے ایک دوسرے کے خلاف فوجی کارروائیاں روکنے پر اتفاق کر لیا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع کے حل کے لیے کل قطر کے دارالحکومت دوحا میں اہم مذاکرات ہونے کا امکان ہے۔

امریکی ویب سائٹ کے مطابق دونوں فریقوں نے فی الحال تمام فوجی حملے روکنے کا فیصلہ کیا ہے اور تجارتی جہازوں کی آبنائے ہرمز سے محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے تکنیکی مذاکرات جاری رکھے جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت طے پائی تھی تاہم آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت سے متعلق شقوں کی مختلف تشریحات کے باعث حالیہ دنوں میں کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا نے ایران کی بندرگاہوں پر عائد بحری ناکہ بندی ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی جبکہ ایران نے آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی محفوظ گزرگاہ یقینی بنانے کے لیے اپنی بھرپور کوششوں کا یقین دلایا۔

امریکی حکام کے مطابق دوحا میں ہونے والے مذاکرات میں امریکی تکنیکی ٹیم کے سربراہ نک اسٹیورٹ بھی شریک ہوں گے جبکہ اس سے قبل امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی ہم آہنگی کے لیے براہ راست رابطہ (ہاٹ لائن) قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تھا تاہم یہ نظام تاحال فعال نہیں ہو سکا۔

وائٹ ہاؤس نے اس پیش رفت پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا۔

متعلقہ

Load Next Story