ہالا، علامہ راشد محمود سومرو کے قافلے کی گاڑی کو حادثہ، گارڈ شدید زخمی، علامہ سومرو محفوظ رہے

حادثے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں

ہالا:

سیکھاٹ کے مقام پر قومی شاہراہ پر علامہ راشد محمود سومرو کے قافلے میں شامل ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب قافلہ بھٹ شاہ سے کراچی کی جانب رواں دواں تھا۔ تیز رفتاری یا دیگر وجوہات کے باعث قافلے میں شامل رضاکاروں کی گاڑی الٹ گئی۔

حادثے میں علامہ راشد محمود سومرو محفوظ رہے، جبکہ ان کے گارڈ علی اکبر شدید زخمی ہوگئے۔

زخمی گارڈ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا، جبکہ ایک اور زخمی کو بھی طبی امداد فراہم کی گئی۔

حادثے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

علامہ راشد محمود سومرو نے واقعے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ میں خیریت سے ہوں حادثہ ہماری گاڑی کو نہیں بلکہ رضاکاروں کی گاڑی کو پیش آیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

Load Next Story