کمراٹ میں ڈوبنے والے سیاح کی لاش برآمد، دریائے سوات میں ایک شخص کی تلاش جاری

سیاح کی لاش تین روزہ سرچ آپریشن کے بعد برآمد کی گئی، ریسکیو 1122

پشاور:

خیبر پختونخوا کے سیاحتی علاقوں میں دو مختلف واقعات میں ایک سیاح کی لاش تین روزہ سرچ آپریشن کے بعد برآمد کر لی گئی، جبکہ دریائے سوات میں نہاتے ہوئے ڈوبنے والے 11 سالہ بچے کو بچا لیا گیا اور باپ کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق دیر لوئر کے سیاحتی مقام کمراٹ کالا چشمہ میں ڈوبنے والے سیاح کی لاش ریسکیو 1122 دیر لوئر اور ریسکیو 1122 دیر بالا کی مشترکہ واٹر ریسکیو ٹیموں نے تین روز کی مسلسل کوششوں کے بعد برآمد کر لی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی واٹر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں اور دریا کے تیز بہاؤ، گہرے پانی اور دشوار حالات کے باوجود ماہر غوطہ خوروں نے سرچ آپریشن جاری رکھا۔ لاش ضروری قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دی گئی۔

دوسری جانب سوات کے علاقے فضاگٹ میں باپ اور بیٹا نہاتے ہوئے دریائے سوات میں ڈوب گئے۔

مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت 11 سالہ بچے کو بحفاظت بچا لیا، جبکہ بچے کے والد کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق باپ بیٹے کا تعلق ضلع بونیر سے بتایا جاتا ہے۔

Load Next Story