سندھ کا تعلیمی نصاب پورے ملک میں سب سے بہتر ہونے کا دعویٰ
فوٹو: فائل
وزیرتعلیم سردار شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ کا تعلیمی نصاب پورے ملک میں سب سے زیادہ بہتر ہے۔
کراچی میں ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سردار شاہ نے دعویٰ کیا کہ سندھ کا تعلیمی نصاب ملک میں سب سے ذیادہ بہتر ہے، عالمی ادارے یونیسکو نےسندھ کے تعلیمی نصاب کی جانچ پڑتال کرکے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک درسگاہوں میں سندھ کے نصاب سے اقتباس لیا جاتا ہے۔ وزیرتعلیم نے کہا کہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی کتابوں میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے، پہلی تا بارہ جماعتوں کی کتب کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔
وزیرتعلیم نے کہا کہ یونیسکو نے سندھ کے نصاب کی تھرڈ پارٹی کے ذریعے جائزہ لیا اور سندھ کے نصاب کو بہترین قرار دیا ہے۔ امریکی درسگاہوں میں سندھ کی تاریخ بتائی جاتی ہے۔
سردار شاہ کا کہنا تھا کہ چار سال ریکرٹمنٹ پراسیس چلایا ہے اس اس معاملے پر اسمبلی میں کمیٹی بنادی گئی ہے، اسمبلی کی با اختیار کمیٹی ہیں جو فیصلہ کرے گی ہمیں منظور ہوگا، میں بس اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ محکمہ تعلیمی کو روزگار کا ذریعہ مت بنائیں، تعلیمی کھاتے کو تعلیم تک ہی محدود رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے اسکول نظام کو مضبوط بنایا ہے، 97 ہزار میرٹ پر بچوں کو داخلے دیئے ہیں، ڈی او اور ٹی او کی مداخلت اسکول نظام میں برداشت نہیں کی جائے گی۔