ناسا کا پرانی خلائی دوربین کو بچانے کے لیے 3 کروڑ ڈالر کا ریسکیو مشن

یہ لانچ رواں ہفتے (ممکنہ طور پر منگل کے روز) متوقع ہے


ویب ڈیسک June 29, 2026

امریکی خلائی ادارے ناسا نے اپنی تقریباً 22 سال پرانی سوئفٹ آبزرویٹری کو زمین پر واپس گرنے سے بچانے کے لیے 3 کروڑ ڈالر مالیت کا ایک خصوصی ریسکیو مشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس مشن کے تحت نجی خلائی کمپنی کیٹالِسٹ اسپیس ٹیکنالوجی کا تیار کردہ تین بازوؤں والا روبوٹک خلائی جہاز سوئفٹ آبزرویٹری کے ساتھ جڑ کر اسے زیادہ بلند اور مستحکم مدار میں منتقل کرے گا تاکہ وہ کائنات میں ہونے والے طاقتور دھماکوں اور دیگر فلکیاتی مظاہر کا مشاہدہ جاری رکھ سکے۔

یہ خلائی جہاز پیگاسس راکٹ کے ذریعے بحرالکاہل کے مارشل آئی لینڈز سے ایک ہوائی جہاز کی مدد سے خلا میں روانہ کیا جائے گا جبکہ لانچ رواں ہفتے (ممکنہ طور پر منگل کے روز) متوقع ہے۔

2004 سے خلا میں موجود سوئفٹ آبزرویٹری کا مدار حالیہ برسوں میں سورج کی شدید سرگرمی کے باعث تیزی سے نیچے آ رہا ہے، جس کے باعث اسے فوری طور پر بلند مدار میں منتقل کرنا ضروری ہو گیا ہے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو گھونہی لینے کہا ہے کہ مستقبل میں ان کی نئی نسل کی روبوٹک ٹیکنالوجی ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ کو بھی محفوظ مدار میں منتقل کرنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔

یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد مشن ہے اور اس سے قبل صرف چین نے ایک سیٹلائٹ کو کامیابی سے بلند ’گریویارڈ‘ مدار میں منتقل کرنے کا ایسا مشن انجام دیا تھا۔