کراچی میں خاتون کے ساتھ تیزاب گردی، تشدد بھی کیا گیا!

خاتون کی مدعیت میں تھانہ زمان ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کی کوششیں تیز کردیں

کراچی کے علاقے کورنگی کے تھانہ زمان ٹاؤن کی حدود میں خاتون پر تیزاب گردی کا واقعہ پیش آیا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس نے تیزاب گردی کے واقعے میں خاتون کو زخمی کرنے کا مقدمہ نامزد ملزم کے خلاف درج کرلیا جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ سندھ نے تیزاب گردی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف اور ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی سے رپورٹ طلب کرلی۔

زمان ٹاؤن پولیس نے تیزاب گردی کے واقعے میں خاتون کو زخمی کرنے کا مقدمہ نمبر 717 سال 2026 بجرم دفعہ 336 بی کے تحت متاثرہ خاتون کرن خان زوجہ ریاض احمد کی مدعیت میں نامزد ملزم کے خلاف درج کرلیا۔

مقدمہ اندراج کے بعد پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلیے کارروائی شروع کردی۔ متاثرہ خاتون مدعیہ کرن خان نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی سیکٹر بی میں قائم عمارت کے فلیٹ میں بچوں کے ہمراہ رہائش پذیر اور پارلر کا کام کرتی ہے۔

خاتون کے مطابق 21 جون کی شام اپنے فلیٹ کی سیڑھوں سے نیچے اتر رہی تھی کہ جڑواں فلیٹ میں رہنے والے علی نامی شخص جس سے ان کا پہلے ہی تنازع اور ایف آئی آر کا معاملہ بھی چل رہا تھا اُن نے سیڑھیوں سے اترتے وقت کوئی چیز پھینکی جس سے شدید تکلیف ہوئی جبکہ وہ دھکا دے کر بھاگ گیا۔

خاتون کے مطابق دھکا لگنے سے وہ گریں جس کی وجہ سے جسم پر چوٹیں بھی آئیں، اس کے بعد وہ طبی امداد کیلیے جناح اسپتال پہنچیں جہاں ڈاکٹرز نے انہوں سول اسپتال ریفر کردیا اور اب وہ وہاں پر زیر علاج ہیں۔

مدعیہ کے مطابق علی نامی شخص نے مجھے سیڑھیوں سے اترتے ہوئے لاتیں مار کر دھکے دیے اور جسم پر تیزاب پھینک کر کمر اور دونوں ٹانگوں کو تیزاب سے جلانے کی کوشش کی۔

 زمان ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا تاہم انویسٹی گیشن پولیس نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی تیزاب گردی کے واقعے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے خاتون پر تیزاب پھینکنے والے ملزم کو فی الفور گرفتار کرنے کی حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظلوم خاتون کو انصاف فراہم کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے جبکہ متاثرہ خاتون کو فوری طور پر بہترین طبی امداد اور تحفظ فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تیزاب گردی جیسے فعل میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جبکہ وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی سے واقعے کی فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں پر شفاف، غیرجانبدار اور میرٹ پر تحقیقات کی جائیں اور نامزد ملزم  کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے ، خاتون پر تیزاب گردی جیسے سنگین جرم میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ شواہد کے حصول کا عمل قانون کے مطابق ، متاثرہ خاتون کی عزت نفس اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے ، خواتین کے خلاف تشدد اور تیزاب گردی جیسے جرائم ناقابل برداشت ہیں ، ایسے عناصر کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لایا جائیگا۔

 

متعلقہ

Load Next Story