بھارتی اداکارہ نے اپنے گھر سے دوست کی لاش ملنے کے بعد پہلا بیان دے دیا

کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ اتنے دردناک سانحے پر عوامی وضاحت دینا پڑے گی، کرشی تھاپندا

بھارتی اداکارہ، ماڈل اور سابق بگ باس کناڈا کی شریکِ مقابلہ کرشی تھاپندا نے اپنے بنگلورو میں واقع گھر سے قریبی دوست اور کاروباری شخصیت ویشاک کی لاش ملنے کے چند روز بعد پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس افسوسناک واقعے پر بے بنیاد قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر جاری اپنے جذباتی پیغام میں کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ زندگی میں ایسا وقت بھی آئے گا جب انہیں اتنے دردناک سانحے پر عوامی وضاحت دینا پڑے گی۔ ان کے بقول وہ نہ تو ذہنی طور پر اس کیفیت میں تھیں اور نہ ہی ان میں اتنی ہمت تھی کہ اس دکھ کو الفاظ میں بیان کر سکیں۔

کرشی تھاپندا نے بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے خاموش رہنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن سوشل میڈیا پر مسلسل گردش کرنے والی افواہوں، بار بار کیے جانے والے سوالات اور ان کے ساتھ ساتھ دونوں خاندانوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ نے انہیں حقیقت بیان کرنے پر مجبور کر دیا۔

اداکارہ نے اپنے مرحوم دوست کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ایسے انسان کو کھو دیا ہے جو ان کے دل کے بے حد قریب تھا۔ ان کے مطابق ویشاک ہمیشہ ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہے، ان کا خیال رکھا اور ہر قدم پر ان کی حفاظت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس شخص کی جدائی نے ان کی زندگی میں ایسا خلا پیدا کر دیا ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

کرشی نے مشکل گھڑی میں ساتھ دینے والے دوستوں اور خیر خواہوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے میں صرف وہی غمزدہ نہیں بلکہ ایک خاندان نے اپنا بیٹا اور کئی دوستوں نے اپنا انتہائی قریبی ساتھی کھو دیا ہے، جنہیں اس ناقابلِ تلافی نقصان کے ساتھ جینا پڑ رہا ہے۔

اپنے بیان کے اختتام پر اداکارہ نے عوام سے درخواست کی کہ اگر وہ کسی کے چہرے پر مسکراہٹ نہیں لا سکتے تو کم از کم اس کے دکھ میں اضافہ نہ کریں۔ انہوں نے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی کہ ویشاک کو سکون سے ابدی آرام کرنے دیا جائے اور ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور چاہنے والوں کو غم منانے کے لیے رازداری اور احترام فراہم کیا جائے۔

Load Next Story