امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر بحری جہاز کے لوکل ایجنٹ پر 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد
کراچی سی پورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ایک بحری جہاز کے لوکل ایجنٹ پر 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کراچی کی نگرانی میں کارروائی اس وقت کی گئی جب ایم ٹی اے ایس این اے عمان کی بندرگاہ شناس سے کراچی پورٹ کے برتھ DB-1 پر پہنچا۔
عملے کی امیگریشن کلیئرنس کے دوران تین ارکان کی سفری دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جن میں دو یمنی شہریوں کے پاس زائد المیعاد سی مین بکس جبکہ ایک مصری شہری کے پاس بیلیز کا سی مین بک موجود تھا، جو نہ ان کی قومی دستاویزات تھیں اور نہ ہی جہاز کے فلیگ اسٹیٹ سے متعلق تھیں۔
ترجمان کے مطابق جہاز کے ماسٹر کو وضاحت طلب نوٹس جاری کیا گیا تاہم وہ عملے کے درست معاون دستاویزات، بشمول CoC، CoP، میڈیکل اور STCW سرٹیفکیٹس پیش کرنے میں ناکام رہا۔
بعد ازاں ماسٹر نے تحریری وضاحت میں غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے آئندہ ایسی خلاف ورزی نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر جہاز کے لوکل ایجنٹ M/s East Wind پر 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔