مسجد الحرام میں غسلِ کعبہ کی روح پرور سالانہ تقریب، ہزاروں لیٹر عرقِ گلاب اور آبِ زمزم کا استعمال

غسلِ کعبہ کے دوران مسجد الحرام میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے

مکہ مکرمہ: مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کی سالانہ غسلِ کعبہ کی روح پرور اور بابرکت تقریب انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کی گئی، جس میں ہزاروں لیٹر عرقِ گلاب اور آبِ زمزم استعمال کیا گیا۔

تقریب میں خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل نے نیابت کرتے ہوئے شرکت کی۔ وہ نمازِ فجر کے بعد خانہ کعبہ کے اندر داخل ہوئے اور غسلِ کعبہ کی رسمی کارروائی میں حصہ لیا۔

اس موقع پر مختلف اسلامی ممالک کے سفارت کاروں، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نمائندوں، ممتاز علما، مشائخ اور دیگر اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

غسلِ کعبہ کے دوران مسجد الحرام میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ زائرین کی محدود تعداد کو طواف کی اجازت دی گئی تاکہ تقریب منظم انداز میں مکمل کی جا سکے۔

حکام نے بتایا کہ کسوہ شریف کی حفاظت کے پیش نظر غسل کے عمل کے دوران خانہ کعبہ کے دروازے پر نصب پردہ عارضی طور پر اوپر اٹھا دیا گیا، تاکہ اندر رسائی اور تقریب کی کارروائی آسانی سے انجام دی جا سکے۔

غسلِ کعبہ کی یہ سالانہ تقریب اسلامی دنیا میں انتہائی اہم مذہبی روایت سمجھی جاتی ہے، جس میں خانہ کعبہ کو آبِ زمزم اور عرقِ گلاب سے غسل دیا جاتا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اس روحانی اور بابرکت تقریب کو نہایت عقیدت سے دیکھتے ہیں۔

Load Next Story