قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ایرانی صدر پزشکیان کا دوٹوک اعلان

تمام سیاسی قوتوں کو قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے، بیان

تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران عوام کے حقوق، قومی مفادات اور اپنے بنیادی اصولوں پر کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا اور دشمن کی جانب سے مسلط کی گئی کسی شرط کو قبول نہیں کرے گا۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے قم میں ایک دینی درسگاہ کے علماء اور محققین سے ملاقات کے دوران امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات اور ملکی پالیسی سے متعلق تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت نے امریکا کے ساتھ ہونے والے تمام مذاکرات میں ہمیشہ عزت، وقار اور قومی طاقت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایرانی عوام کے حقوق کے تحفظ اور قومی مفادات کے دفاع کو اپنی اولین ترجیح بنایا۔

صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے عوام کے حقوق، بنیادی اصولوں اور قومی مفادات سے کسی بھی مرحلے پر دستبردار نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی اصل طاقت اللہ تعالیٰ پر ایمان، عوام کی حمایت اور ملکی قیادت پر اعتماد ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے تمام مراحل ریاست کی عمومی پالیسی، قانونی طریقہ کار اور اعلیٰ قیادت کی مکمل رہنمائی اور مسلسل مشاورت کے تحت انجام پائے۔ ان کے مطابق تمام فیصلے ملکی اداروں کے آئینی اور قانونی دائرہ کار میں رہ کر کیے گئے۔

ایرانی صدر نے بعض سیاسی حلقوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کچھ عناصر مذاکراتی ٹیم کو بدنام کرنے اور قومی فیصلوں پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے ملک کی سفارتی کامیابیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ قومی اتحاد اور داخلی ہم آہنگی موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات میں ایران کے لیے انتہائی اہم ہے، اور تمام سیاسی قوتوں کو قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

صدر پزشکیان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت  پر عمل درآمد اور مستقبل کے ممکنہ معاہدے سے متعلق سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف امور پر تکنیکی مشاورت بھی متوقع ہے۔

Load Next Story