آبادی پرقابو پانے کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل کاقیام، بڑھتی آبادی ترقی کیلئے بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم

آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، شہباز شریف

فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے بڑھتی ہوئی آباد کو قومی وسائل پر دباؤ اور ترقی کے لیے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے نیشنل پاپولیشن کونسل کا پہلا اجلاس جلد طلب کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بہبود آبادی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جہاں انہوں نے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے، تیزی سے بڑھتی آبادی سے قومی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور ترقی کے لیے بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا افتتاحی اجلاس جلد از جلد طلب کرنے اور قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کے لیے نیشنل پاپولیشن کونسل کا تنظیمی ڈھانچہ جلد از جلد مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے، نیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔

اس موقع پر اجلاس کو ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور کنٹرول و بہبود کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ہے، جس میں بتایا گیا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے جوڑا جائے گا، خواتین کی تعلیم اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانا آبادی پر قابو پانے کی حکمت عملی کا اہم جزو ہوگا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آبادی میں توازن اور قابو پر مؤثر آگاہی مہم چلائی جائے گی، اسلامی ممالک بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ایران میں آبادی پر قابو پانے کے کامیاب پروگرام چل رہے ہیں، قومی پاپولیشن کونسل صوبائی حکومتوں کے تعاون سے قومی سطح پر مؤثر  مہم چلانے میں مددگار ثابت ہو گی اور نیشنل پاپولیشن کونسل کا سیکریٹریٹ وزارت منصوبہ بندی ہو گی۔

اجلاس میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Load Next Story